ابوظہبی کورٹ آف اپیل کی ڈگری پاکستان میں براہ راست قابل عمل نہیں، سپریم کورٹ

اہم قانونی فیصلہ، دو ایک کی اکثریت سے منظوری، لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کالعدم قرار۔

November 22, 2026 · قومی
ابوظہبی کورٹ آف اپیل کی ڈگری پاکستان میں براہ راست قابل عمل نہیں، سپریم کورٹ

ابوظہبی کورٹ آف اپیل کی ڈگری پاکستان میں براہ راست قابل عمل نہیں، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے عدالتی فیصلوں کے نفاذ سے متعلق ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ابوظہبی کورٹ آف اپیل کی ڈگری پاکستان میں براہ راست قابلِ عمل نہیں ہے۔ عدالت عظمیٰ نے یہ فیصلہ 2 ایک کی اکثریت سے جاری کیا۔ جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت خان کے متضاد فیصلوں کے باعث یہ کیس ریفری جج کو بھجوایا گیا تھا، جہاں ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی نے جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اتفاق کیا۔

عدالتی دستاویز کے مطابق جسٹس منیب اختر اور ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی نے درخواست منظور کر لی جبکہ جسٹس عرفان سعادت خان نے اس معاملے پر اپنا اختلافی نوٹ تحریر کیا۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات ایک وفاقی ریاست ہے جہاں وفاقی اور امارات کی مقامی سطح پر دو الگ عدالتی نظام کام کر رہے ہیں۔ یو اے ای کے آئین کے تحت مقامی عدالتوں کے فیصلے وفاقی عدالتی فیصلے نہیں کہلا سکتے۔

عدالت نے فیصلے میں مزید بتایا کہ حکومت پاکستان نے 6 مارچ 2007 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی وفاقی کورٹ آف اپیل کو ہی پاکستان میں ڈگری کے نفاذ کے لیے اعلیٰ عدالت تسلیم کیا ہے۔ کیس کی سماعت کرنے والے 2 رکنی بینچ نے 10 فروری 2026 کو سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، تاہم دونوں ججز کی آرا میں اختلاف کے باعث معاملہ ریفری جج کے پاس گیا جنہوں نے جسٹس منیب اختر کی رائے سے اتفاق کیا۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے ایک نجی کمپنی کی اپیل منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ اور ماتحت عدالت کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔