پی ٹی آئی کا بلاول بھٹو سے گورنر راج کی مخالفت کا مطالبہ
گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہو چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کا بلاول بھٹو سے گورنر راج کی مخالفت کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کے موقف کی حمایت کا خیرمقدم کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق منعقدہ اہم ترین اجلاس میں بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور اراکین نے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو اپنے بیانات پر عملی مظاہرہ کریں۔
اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بلاول نیک نیتی ثابت کرتے ہوئے گورنر راج کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور گورنر راج اور ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں قومی اسمبلی میں ہرگز ووٹ نہ دیں۔ پی ٹی آئی ارکان کے مطابق گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہو چکے ہیں۔
اجلاس کے دوران ارکان نے خیبر پختونخوا کے مالی حقوق کی ادائیگی میں تاخیر اور وسائل میں غیر قانونی کٹوتیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کا وعدہ پورا کرنے کی بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کر لی ہے، اور صوبے کو اس کے آئینی اور مالی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کو ریاست کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا گیا، جبکہ آئین و قانون کی بالادستی، سیاسی آزادیوں، صوبے کے مالی حقوق اور عوامی مینڈیٹ کے مکمل تحفظ کا عزم دہرایا گیا۔