پلندری میں شہید پولیس کانسٹیبل آبائی علاقے میں سپردخاک
نمازِ جنازہ میں اعلیٰ افسران، جوانوں، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی شرکت
آزاد کشمیر پولیس کے بہادر سپوت کنسٹیبل محمد ارباب شہید کی نمازِ جنازہ آبائی علاقے میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں پولیس کے اعلیٰ افسران، جوانوں، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار تھی۔ شہید کے جسدِ خاکی کو آہوں اور سسکیوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
ترجمان آزادکشمیر پولیس کے مطابق گلی جھنڈا بگلا بازار میں پیش آنے والے واقعے میں کانسٹیبل محمد ارباب اور کانسٹیبل ذاکر حسین شاہ زخمی ہوئے تھے۔
محمد ارباب کو تشویشناک حالت میں اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سدھنوتی اور ملحقہ علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔