میر رضا قتل کیس: جے آئی ٹی نے ڈیجیٹل ریکارڈ کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا
اہم پیش رفت، مشتبہ افراد کو نوٹس جاری، تفتیش کا دائرہ وسیع
میر رضا علی قتل کیس اور جے آئی ٹی کی تحقیقات سے متعلق ایک منظر
کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا علی کی پراسرار موت اور قتل کے معاملے پر قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے اہم نوعیت کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات اور مقتول کے اہل خانہ کے اصرار پر تشکیل دی گئی جے آئی ٹی کی جانب سے پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے۔
عدالتی دستاویزات اور تفتیشی افسر کی دائر کردہ درخواست کے مطابق، جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے میر رضا کے مشتبہ دوستوں علی شاز اور احمد بھاردے کو 24 نومبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقتول اور مذکورہ مشتبہ افراد کے واٹس ایپ، فیس بک میسنجر اور اسنیپ چیٹ سمیت تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کرنا ناگزیر ہے تاکہ ان کی باہمی سرگرمیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق مشتبہ احمد بھاردے کو مقتول کا بزنس پارٹنر قرار دیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام نے متعلقہ ڈیجیٹل سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے 22 سے 29 جولائی تک کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کی استدعا کی ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے بھی رابطہ کیا گیا تھا، تاہم عدالتی اجازت کا پروانہ نہ ہونے کی وجہ سے ایجنسی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی۔
واضح رہے کہ 25 سالہ آئی بی اے گریجویٹ میر رضا علی 28 جولائی کو فیروز آباد کے علاقے سے لاپتہ ہوئے تھے اور اگلے روز گلستان جوہر کے قریب ایک گیسٹ ہاؤس کے پاس سے ان کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اگرچہ ابتدائی طور پر پولیس نے اسے خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی، لیکن اہل خانہ کی درخواست پر ہونے والی قبر کشائی اور دوسرے پوسٹ مارٹم میں جسم پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے۔ بعد ازاں فیروز آباد تھانے میں درج اغوا کے مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 شامل کر دی گئی۔
کیس میں اس وقت سنگین انکشاف سامنے آئے جب کراچی پولیس سرجن نے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 14 خامیوں کی نشاندہی کی۔ ان اعتراضات میں لاش کا ایکسرے نہ کرانا، ہاتھوں سے بارودی ذرات کے نمونے غائب رکھنا اور ڈی این اے سیمپل حاصل نہ کرنا شامل تھا۔ سندھ حکومت نے 28 اکتوبر کو اس قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کی سربراہی میں جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں حساس اداروں اور این سی سی آئی اے کے افسران بھی شامل ہیں۔