ایران امریکا جنگ اور تکنیکی خرابیوں سے عالمی فضائی صنعت کو اربوں ڈالر کا نقصان
عالمی بحران، پاکستان سمیت دنیا بھر کی پروازیں متاثر، ٹریول انڈسٹری کو شدید دھچکا۔
عالمی فضائی بحران کے دوران ایئرپورٹس پر کھڑے طیارے اور متاثرہ پروازیں۔
کورونا وائرس کے بعد ایران امریکا جنگ اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے عالمی فضائی صنعت کو ایک بار پھر بڑے مالی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ جنگ کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کی ایئرلائنز کے اربوں ڈالر کے منافع کو نقصان پہنچا ہے جبکہ حوثیوں کے حملوں نے فضائی آپریشنز کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) اور پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق 2025 میں متعلقہ ایئرلائنز 7.2 ارب ڈالر منافع میں تھیں تاہم اب انہیں مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔ دنیا کی 20 بڑی ایئرلائنز کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اندازاً 30 ارب ڈالر سے زائد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ مشرق وسطیٰ کی ٹریول انڈسٹری کو روزانہ 60 کروڑ ڈالر تک کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ ہے۔ جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک 46 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں 80 فیصد سے زائد اضافے نے مالی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ایوب نسیم کے مطابق اس بحران کے باعث پاکستان کی ملکی ایئرلائنز کو بھی اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ پاکستانی ایئرلائنز کے لیے سب سے زیادہ منافع بخش روٹس میں شامل ہے اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں اس خطے کا حصہ تقریباً 50 فیصد تک ہے۔ ریاض ایئرپورٹ بند ہونے اور جدہ سمیت یورپ کے روٹس متاثر ہونے سے ٹریول ایجنٹس کے کاروبار کو 30 سے 40 فیصد تک نقصان کا سامنا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں ڈیلٹا ایئر لائنز کے اہم کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث دنیا کے مصروف ترین ہارٹسفیلڈ جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت کئی دیگر ایئرپورٹس پر پروازیں شدید متاثر ہوئیں۔ روئٹز کے مطابق ایک دن میں ڈیلٹا ایئر لائنز کی 1600 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جو روزانہ کی پروازوں کا 50 سے 58 فیصد بنتی ہیں۔ امریکی وفاقی محکمہ ہوا بازی (ایف اے اے) نے اس تکنیکی مسئلے کے باعث مختصر وقت کے لیے پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم بھی جاری کیا۔ ایئرلائن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کمپیوٹر خرابی کے بعد پروازوں کو محفوظ طریقے سے روانہ کرنے کے لیے متبادل طریقہ کار اختیار کیا گیا اور بعد ازاں خودکار نظام کو بحال کر دیا گیا۔