1971 میں بھارت کا اصل مقصد پاکستان کو کمزور کرنا تھا: بنگلہ دیشی سپیکر
سخت موقف، حسینہ واجد واپس آئیں تو جیل جائیں گی، عوامی لیگ پر پابندی کا سوچ رہے ہیں۔
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے ہیں۔
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد کرنا نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 15 سال میں بنگلہ دیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا، جس کی وجہ سے وہاں کے عوام شدید مشکلات کا شکار رہے۔
حسینہ واجد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سپیکر نے واضح کیا کہ سابق وزیرِ اعظم بنگلہ دیش واپس آئیں تو انہیں سیدھا جیل جانا ہو گا کیونکہ انہوں نے ایک مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر بھارت نے انہیں واپس نہ کیا تو وہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف سے رجوع کریں گے۔ دستاویزات اور بیانات کے مطابق حسینہ واجد کی جانب سے واپسی کے اعلانات محض کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے ہیں اور وہ آئندہ 10 سال تک بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گی۔
حافظ الدین احمد نے سابق حکمراں جماعت عوامی لیگ کو کڑے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اب ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے اور بنگلہ دیشی حکومت اس پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگالی قوم جمہوری مزاج رکھتی ہے اور کسی بھی قسم کی آمریت کو برداشت نہیں کرتی۔ 1971 میں بھی جمہوریت کا مطالبہ کیا گیا تھا جسے پورا نہیں کیا گیا۔
پاکستانی تعلقات اور دیگر امور پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں پارلیمانی نظام یکساں ہے، تاہم 1975 میں وہاں یک جماعتی نظام لایا گیا اور ملک کو خالص جمہوریت نہیں ملی۔ انہوں نے فروری میں ہونے والے انتخابات کو شفاف قرار دیا۔ مقبوضہ کشمیر کے تنازع پر مؤقف اختیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ آخر میں انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلہ دیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید گہری ہونے کی امید ظاہر کی۔