روس خلائی ٹیکنالوجی پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے پر تیار

دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں باہمی دلچسپی موجود ہے،ماسکو

November 26, 2026 · امت خاص
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

 

روس نے پاکستان کے ساتھ خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی تیاری کا اعلان کر دیا۔ روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیو (Sergei Tsivilev) نے یہ بات روسی میڈیا کوبتائی۔

وزیر نے کہاکہ روس کے پاس سیٹلائٹ نیویگیشن، مواصلات، انسان بردار خلائی جہازوں کے آپریشنز اور زمین کی سطح کی سینسنگ میں وسیع صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ یہ ٹیکنالوجی شیئر کرنے کو تیار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں باہمی دلچسپی موجود ہے۔

تسیویلیو نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک نے خلائی تعاون سے متعلق دستاویزات کی ایک سیریز تیار کر لی ہے، جن پر دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کے موقع پر دستخط کیے جائیں گے۔اس تعاون سے پاکستان کو جدید خلائی صلاحیتوں میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔

یہ اعلان روس،پاکستان بین الحکومتی کمیشن کی 11ویں میٹنگ کے بعد سامنے آیا، جو ماسکو میں منعقد ہوئی۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی فیڈریشن کے وزیر توانائی سرگئی تسویلیو نے کی۔

اسلام آباد میں منعقدہ دسویں اجلاس کے دوران ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور مزید روابط کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی جن میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، فارماسیوٹیکلز، ذرائع نقل و حمل اور رابطہ کاری، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت شامل ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر گیارہویں بین الحکومتی کمیشن کے پروٹوکول اور 2026ء تا 2030ء کے لیے اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے جو آئندہ برسوں کے دوران دوطرفہ اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک سٹریٹجک فریم ورک فراہم کرے گا۔

فریقین نے 2030ء تک دوطرفہ تجارت کے حجم کو 5 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا اور منڈیوں تک بہتر رسائی، سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور کاروباری اداروں کے مابین مضبوط روابط کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے اور ان میں تنوع لانے کے وسیع امکانات پر زور دیا۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کمیشن کا بارہواں اجلاس 2027ء میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔