اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پر حکم امتناع میں2 ہفتے کی توسیع
سماعت ملتوی، الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب، شیڈول معطل رہے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت اور الیکشن کمیشن کا لوگو۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے حکم امتناع میں 2 ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔ عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد الیکشن کا شیڈول معطل کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ آپ نے حل نہیں کیا؟ اس پر قاضی عادل عزیز نے مؤقف اپنایا کہ ایک وارڈ میں صرف 2 ووٹرز ہیں، اس کا الیکشن کیسے ہو گا؟ جسٹس عمیر مجید ملک نے ہدایت کی کہ 2015 کے قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کرنی چاہئیں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے تفصیلی آرڈر پاس کر کے وجوہات بھی بیان کر دی ہیں اور یہ کارروائی 6 دفعہ کر چکے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہمیں ابھی معلوم نہیں کہ پارلیمنٹ اس پر کیا لائحہ عمل اختیار کرتی ہے، تاہم آپ کو عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی کئی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں شہریوں کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ وہ کس وارڈ میں شامل ہیں۔
عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ 14 اکتوبر کا آپ کا آرڈر آیا ہے کہ حلقہ بندیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ قانون کے مطابق ہی تمام حلقہ بندیاں کی گئی ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے اس معاملے پر تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔