کراچی میں عمارت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی
ملبے میں متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ، اہل خانہ اور مکینوں کا شارع فیصل پر
فائل فوٹو
کراچی: بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر 6 منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں گرنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔
رپورت کے مطابق عمارت کے ملبے سے لاش برآمد کی گئی، ریسکیو اداروں کو لاش ملبے سے نکالنے میں دشواری کا سامنا رہا، عمارت کے تعمیراتی سریے کاٹ کر لاش نکالی گئی۔
کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے پر اور امدادی کارروائی سے مطئمن نہ ہونے پر لاپتا افراد کے اہل خانہ نے شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند کردیے جس کے سبب دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رات گئے تک ملبے سے 3 لاشیں نکالی گئیں تھیں جب کہ ایک لاش آج نکالی گئی، 14 افراد زخمی تھے، ملبے میں متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
امدادی کارروائیوں سے مطمئن نہ ہونے پر لاپتا افراد کے اہل خانہ اور مکین شارع فیصل پر جمع ہوگئے اور اس کے دونوں ٹریک بند کردیے۔ مظاہرین نے ہاٹھوں میں ڈنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے جنہوں نے سڑک پر رکاوٹیں رکھ دیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائی میں غفلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، ہمارے پیارے عمارت میں دبے ہوئے ہیں اور انتظامیہ خاموش ہے۔
سڑک بند ہونے کے کچھ دیر بعد انتظامیہ اور پولیس پہنچ گئی، مظاہرین سے بات چیت کی جس کے بعد سڑک کھول دی گئی۔