امریکا میں طوفانی ہوائیں اور برفباری، پروازیں منسوخ

نیویارک کی میسیز تھینکس گیونگ پریڈ 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار خراب موسم کے باعث ملتوی ہوئی۔

November 26, 2026 · بام دنیا

امریکا میں طوفانی ہوائیں اور برفباری، پروازیں منسوخ

امریکا کی مختلف ریاستوں میں خراب موسم کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا، سیکڑوں پروازیں منسوخ جبکہ ہزاروں پروازوں میں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق مشرقی امریکا میں آنے والے شدید طوفان نے الینوائے سے نیو جرسی تک کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

خراب موسم کے باعث نیویارک کی مشہور میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی ملتوی کردی گئی، جو اس تقریب کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

پروازیں منسوخ ہونے سے تھینکس گیونگ کی تعطیلات پر سفر کرنے والے ہزاروں افراد مشکلات کا شکار ہوگئے، جبکہ بجلی کی بندش اور فضائی سفر میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوا ہے۔

بحر اوقیانوس کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، بعض مقامات پر پانی کی سطح 2012 کے تباہ کن طوفان سینڈی کے بعد بلند ترین سطح تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی بندش کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

دوسری جانب امریکا کے مغربی ساحل پر بحرالکاہل سے آنے والے ایک الگ طوفان کے باعث امریکا اور دیگر شمال مغربی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

سان ڈیاگو میں غیر معمولی بلند لہروں نے گزشتہ روز ریکارڈ قائم کیا، جبکہ سان فرانسسکو کے قریب سمندر کی تیز موجوں کے باعث ایک گھاٹ کا حصہ بھی منہدم ہوگیا۔

خراب موسم کے باعث فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ جمعرات کی صبح ہی سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوچکی تھیں، جبکہ گزشتہ روز 6 ہزار سے زائد پروازوں میں تاخیر اور تقریباً 150 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔

حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال اور بجلی کی بندش پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔