سرگودھا جانے کی اجازت نہ دی تو پورا ملک بند رہے گا ، مولانا فضل الرحمٰن

ہم انسانی جان کی قدر جانتے ہیں، لیکن لگتا ہے تمہارے منہ کو خون لگ چکا ہے ، ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب خطاب

November 26, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے لاہور میں ملتان روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ نے ان کے قافلے کا راستہ روکنے کے لیے دانستہ رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت پُر امن ہے اور نظم و ضبط کے ساتھ سفر کر رہی ہے، اس لیے حکومت ان کے کارکنوں کو سرگودھا جانے کی اجازت دے اور راستے کھولے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ان کی جماعت کوئی جرم یا ہنگامہ آرائی کرنے نہیں جا رہی بلکہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کا استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انھیں سرگودھا جانے کی اجازت نہ دی گئی تو پورا ملک بند رہے گا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کی احتجاجی مہم کے باعث ’کوہستان سے چترال، چمن سے مکران اور کراچی تک‘ ملک بند ہو چکا ہے۔انھوں نے کارکنوں سے کہا کہ ’وہ (حکام) تھک جائیں گے، ہم نہیں تھکیں گے۔

فضل الرحمٰن نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انسانی جان کی قدر جانتے ہیں، لیکن لگتا ہے کہ تمہارے منہ کو خون لگ چکا ہے اور خون کے بغیر تمہیں ایک لمحہ آرام نہیں آتا۔انھوں نے مزید کہا: ’تو ہم اپنا خون دینے کے لیے تیار ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ان کی جماعت کی پوری سیاسی تاریخ پُر امن جدوجہد پر مبنی ہے اور وہ انسانی جان کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ تاہم انھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ڈٹے رہیں کیونکہ حکام کو بالآخر ان کا ’راستہ کھولنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت ’ہر قیمت پر‘ اپنی منزل تک پہنچے گی۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف نے آج (26 نومبر) سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس سے مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کرنا ہے۔