اٹک میں کوسٹر اور ٹرک میں تصادم، 13 افراد زخمی

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں کی کارروائیاں، دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر سی ایم ایچ منتقل

November 26, 2026 · قومی

اٹک میں کوسٹر اور ٹرک میں تصادم، 13 افراد زخمی

اٹک میں چائنا چوک تا بروتھا روڈ پر کوسٹر اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعدد ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 30 سالہ عمر امتیاز ولد امتیاز احمد، 32 سالہ حافظ جمال نعیم نظامی ولد محمد نعیم نظامی اور 59 سالہ محمد الطاف ولد سمندر خان بھی شامل ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سی ایم ایچ اٹک منتقل کردیا، جبکہ دیگر 10 زخمیوں کو مختلف ایمرجنسی سروسز کی ایمبولینسز کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک پہنچایا گیا۔

بعد ازاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹک سے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔

امدادی کارروائیوں کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے حادثے کے مقام کو گھیرے میں لے کر حفاظتی اقدامات بھی کیے تاکہ کسی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔