ایران کا کویت پر حملہ، 2 اطالوی شہری ہلاک
فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے بعد ملبہ گرنے سے جرمن دفاعی کمپنی کے ملازمین متاثر
ایران کا کویت پر حملہ، 2 اطالوی شہری ہلاک
ایران کے کویت پر حملے کے دوران زخمی ہونے والے دو اطالوی شہری دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو ہوگئی، جبکہ ایک پاکستانی اور ایک کویتی شہری بھی زخمی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے کویت میں ایک امریکی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم کویتی فضائی دفاعی نظام نے میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا، جس کا ملبہ گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔
کویتی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چار زخمیوں میں سے دو نے دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ دیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں اطالوی شہری جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے تکنیکی ماہرین تھے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق دیگر دو زخمیوں میں ایک کویتی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ یہ دونوں بھی اسی جرمن دفاعی کمپنی میں ملازم تھے۔
بیان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
کویتی حکام نے جاں بحق ہونے والے اطالوی شہریوں کے نام، عمریں اور حملے کی جگہ سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ ایران کی جانب سے بھی تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔