مولانا فضل الرحمان تصادم چاہتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

اہم سیاسی صورتحال، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان لفظی جنگ تیز ہو گئی،

November 27, 2026 · قومی
مولانا فضل الرحمان تصادم چاہتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

مولانا فضل الرحمان تصادم چاہتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تصادم کی راہ پر گامزن ہیں اور انہیں پاکستان اور طالبان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں اور انہیں ایک قدم پیچھے ہٹ کر راستے نکالنے چاہئیں۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ جنرل مشرف کا ایل ایف او منظور کرانے والے آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے متعلق کہا کہ وہ آج کل زیادہ غصہ کر رہے ہیں اور انہیں عوامی رائے سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ تعلقات ختم ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب، مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں جاری دھرنے نمازِ جمعہ تک ملتوی کر دیے گئے ہیں اور جمعہ کے روز نماز کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، قائدِ جمعیت نے کارکنوں کے عزم و استقلال کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ احتجاج کا یہ سلسلہ پوری حکمت عملی کے ساتھ جاری رہے گا اور گرفتاریاں ان کا راستہ نہیں روک سکتیں۔

دریں اثناء، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سرگودھا میں پیش آنے والے واقعے پر پنجاب حکومت سے رابطہ کیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ معاملات افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اب مزید احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔