امریکا میں شدید طوفان، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم اور ہزاروں پروازیں متاثر
ہواؤں کی رفتار 112 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ، پروازیں منسوخ۔
امریکا میں شدید طوفان، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم اور ہزاروں پروازیں متاثر
امریکا میں آنے والے شدید طوفان اور موسلا دھار بارشوں نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں 10 لاکھ کے قریب صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ہزاروں پروازیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 112 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث متعدد درخت اور بجلی کے پول گر گئے، اور شدید بارش کے باعث ساحلی علاقے زیر آب آ گئے۔
بجلی کی بندش کے اعداد و شمار جاری کرنے والے ادارے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی بندش سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں پنسلوانیا سرفہرست ہے جہاں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے، جبکہ نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ اور نیویارک ریاست میں 68 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
فضائی آپریشنز پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق طوفان کے باعث ملکی و بین الاقوامی پروازیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ امریکا بھر میں 454 پروازیں منسوخ جبکہ 2 ہزار 411 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں واشنگٹن اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ورجینیا، میری لینڈ، ڈیلاویئر، نیو جرسی، نیویارک اور نیو انگلینڈ کے ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ نیویارک شہر کے محکمہ ہنگامی انتظامات کے مطابق لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ہواؤں کی شدت 56 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ طوفان اور غیر معمولی بلند سمندری لہروں کے باعث مشرقی ساحل کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ شدید موسمی حالات کے پیش نظر نیویارک میں تھینکس گیونگ کے موقع پر ہونے والی میسیز پریڈ کی 100ویں سالانہ تقریب کو پہلی مرتبہ نئے شیڈول پر منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا میں شدید طوفان اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے تقریباً 10 کروڑ ڈالر کی وفاقی امداد کی منظوری دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔