مریم نواز ماحولیاتی اقدامات پر نوبیل فیسٹیول میں شرکت کے لیے ہانگ کانگ روانہ
یہ دورہ پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے اعتراف میں طے پایا ہے
مریم نواز ماحولیاتی اقدامات پر نوبیل فیسٹیول میں شرکت کے لیے ہانگ کانگ روانہ
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایک سرکاری دورے پر ہانگ کانگ روانہ ہو گئی ہیں، جہاں وہ 30 نومبر کو نوبیل سسٹین ابیلیٹی ٹرسٹ فیسٹیول میں خصوصی طور پر شرکت کریں گی۔ حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو یہ دعوت نوبیل سسٹین ابیلیٹی ٹرسٹ کے چیئرمین پیٹر نوبیل کی جانب سے دی گئی ہے۔
سرکاری دستاویزات اور ذرائع کے مطابق یہ دورہ پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے اعتراف میں طے پایا ہے۔ نوبیل سسٹین ابیلیٹی ٹرسٹ کی جانب سے صوبے میں ریکارڈ مدت کے دوران فضائی معیار کو بہتر بنانے، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے سلسلے میں اٹھائے گئے جامع اقدامات کو سراہا گیا ہے اور انہیں عالمی سطح پر قابلِ تحسین قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نوبیل فیملی کے زیرِ انتظام کام کرنے والا یہ بین الاقوامی ٹرسٹ دنیا بھر میں پائیدار معاشی ترقی اور ماحولیاتی بہتری کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس دورے کو صوبائی حکومت کی ماحولیاتی سفارت کاری اور گرین انیشیٹو کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔