چین کے بعد ترکی بھی پاکستان کی خلائی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے، بھارتی چیف آف ڈیفنس

سپارکو کی بڑھتی صلاحیتیں پاکستان کے خلائی پروگرام میں مزید پیش رفت کی عکاسی کرتی ہیں

November 28, 2026 · اہم خبریں

چین کے بعد ترکی بھی پاکستان کی خلائی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے، بھارتی چیف آف ڈیفنس

انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور مستقبل میں اسے ترکی کی معاونت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔

جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راجا سبرامنی نے کہا کہ پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ان کے مطابق انڈیا کو اپنی دفاعی حکمتِ عملی مرتب کرتے وقت پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کو مدنظر رکھنا ہوگا، کیونکہ ان صلاحیتوں میں اضافے سے پاکستان کی انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کی استعداد بھی بہتر ہو سکتی ہے۔

جنرل راجا سبرامنی نے دعویٰ کیا کہ چین کے پاس انٹیلیجنس، نگرانی، پوزیشننگ، نیویگیشن اور وقت کے تعین سے متعلق جو صلاحیتیں موجود ہیں، وہ پاکستان کو بھی دستیاب ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انڈیا کو اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کے مطابق خلائی نگرانی کے تیسرے مرحلے کے آغاز سے انڈیا کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور انہیں خلا میں بھیجنے کے طریقوں پر کام کر رہا ہے، جبکہ اس سلسلے میں نجی شعبے کے اداروں کے ساتھ بھی تعاون کیا جا رہا ہے۔