مولانا فضل الرحمان کے خاندان کی خواتین کو سڑک پر دیکھ کر بہت دکھ ہوا، بیرسٹر گوہر

سیاسی سرگرمیوں میں غیر سیاسی افراد کو شامل نہ کرنے پر زور

November 28, 2026 · قومی

مولانا فضل الرحمان کے خاندان کی خواتین کو سڑک پر دیکھ کر بہت دکھ ہوا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر کسی بھی اختلاف کی آڑ میں اہلِ خانہ، بالخصوص خواتین، بچوں اور خاندان کے غیر سیاسی افراد کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

اپنے ایکس بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاست کی تلخی کو اپنی معاشرتی روایات اور خاندانی اقدار کی حدیں پار نہیں کرنے دینی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان صاحب کی تینوں بہنوں کے حوالے سے بھی کئی بار یہی بات کہہ چکے ہیں۔ آج مولانا فضل الرحمان صاحب کے خاندان کی خواتین کو سڑک پر دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے اہلِ خانہ ہمارے اپنے ہیں اور ان کی عزت و حرمت کا پاس رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں ایسی گہری تقسیم پیدا کرتے ہیں جسے بعد میں ختم کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے سب سے اپیل کی کہ سیاسی اختلاف کو سیاست تک محدود رکھیں اور خاندانوں کو اس سے دور رکھیں۔