بجلی کے بلوں میں دسمبر سے نیا اضافہ، نیپرا کی ہنگامی سماعت طلب
بجلی کی پیداوار میں ایندھن کی قیمتوں اور ایل این جی سپلائی کو مدنظر رکھنے کی تجویز۔
بجلی کے بلوں میں دسمبر سے نیا اضافہ، نیپرا کی ہنگامی سماعت طلب
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں بڑے جھٹکوں سے بچانے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے اکتوبر تا دسمبر 2026 کے تین ماہ کے لیے یکساں اور پیشگی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف ایف سی اے) کی مد میں 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کر دی ہے۔
حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نیپرا نے درخواست کی منظوری کے لیے منگل 2 دسمبر کو ہنگامی عوامی سماعت طلب کر لی ہے۔ مجوزہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق دسمبر کے بجلی کے بلوں سے ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ عوامی سماعت کے نوٹس کے مطابق وزارت توانائی نے اکتوبر تا دسمبر 2026 کے لیے 3 روپے 4 پیسے فی کلو واٹ آور کی شرح سے ایف ایف سی اے لاگو کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزارت توانائی کی درخواست کے مطابق اکتوبر کے لیے صارفین سے پہلے ہی وصول کیے جانے والے بنیادی نرخوں کے علاوہ 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافی ایڈجسٹمنٹ مانگی گئی تھی، جس پر عوامی سماعت مکمل ہو چکی ہے۔ نومبر کے لیے اضافی ایف سی اے کا تخمینہ 92 پیسے فی یونٹ جبکہ دسمبر کے لیے 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ لگایا گیا ہے۔ اس طرح تینوں ماہ کی اوسط نکال کر 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ فلیٹ ریٹ تجویز کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پاور ڈویژن کے ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ موازنہ ستمبر کے 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ کے ایف سی اے کے مقابلے میں کیا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یکساں ایف ایف سی اے کا تعین دستیاب ایندھن کی قیمتوں، متوقع ایل این جی سپلائی، گیس کی اضافی فراہمی اور تھرمل ذرائع پر انحصار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
وزارت توانائی نے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ پالیسی گائیڈ لائنز اور مروجہ فریم ورک کے مطابق کارروائی شروع کی جائے، اکتوبر 2026 سے موجودہ ماہانہ میکانزم میں ایف ایف سی اے کو شامل کیا جائے اور تین ماہ کے لیے حتمی شرح کا تعین کیا جائے۔