بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں کا مبینہ فراڈ کرنے والے آٹھ اشتہاری ملزمان گرفتار: ایف آئی اے
اٹلی، ملائیشیا، بحرین اور دیگر ممالک کے نام پر رقوم وصول کرنے کے الزامات۔
بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں کا مبینہ فراڈ کرنے والے آٹھ اشتہاری ملزمان گرفتار: ایف آئی اے
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بیرونِ ملک ملازمت اور ورک ویزوں کے نام پر شہریوں سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹورنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹھ مختلف مقدمات میں مطلوب تمام آٹھ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایف آئی اے فیصل آباد زون کے مطابق گرفتار ملزمان پر اٹلی، ملائیشیا، بحرین اور دیگر ممالک میں ملازمت دلوانے کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے کے الزامات ہیں۔ مختلف مقدمات میں متاثرہ شہریوں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 82 لاکھ 32 ہزار روپے سے زائد رقم وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ایک مقدمے میں ملزم پر بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 14 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام ہے، جبکہ ایک دوسرے مقدمے میں اٹلی کا ویزا دلوانے کے نام پر 18 لاکھ روپے ایڈوانس لینے کا مقدمہ درج ہے۔ حکام کے مطابق اس معاملے میں مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے کا معاہدہ طے پایا تھا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ایک مقدمے میں تین ملزمان پر ملائیشیا بھجوانے کے نام پر شہریوں اور ان کے ساتھیوں سے 74 لاکھ روپے وصول کرنے کا الزام ہے، جبکہ بحرین میں ملازمت دلوانے کے نام پر درج دو مقدمات میں بھی لاکھوں روپے کے فراڈ کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ایک مقدمے میں بیرونِ ملک ملازمت کا وعدہ کرکے 17 لاکھ 52 ہزار روپے وصول کیے گئے، تاہم متاثرہ افراد کو مبینہ طور پر بیرونِ ملک نہیں بھجوایا گیا۔
اسی طرح لیبیا سے ڈی پورٹ کیے جانے والے ایک شہری کو غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے کے معاملے میں بھی متعدد ایجنٹوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے فیصل آباد زون فریال خان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان ثاقب کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور ویزا فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
فریال خان کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔