راولپنڈی میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید کمی کر دی گئی
پیٹرولیم مصنوعات سستی، ریلیف کی فراہمی، نوٹیفیکیشن جاری
راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نیا شیڈول آویزاں کر دیا گیا
راولپنڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید کمی کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 11 نومبر سے اب تک پٹرول سے چلنے والی مسافر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کی گئی ہے، جبکہ ڈی کلاس اڈوں اور جنرل بس سٹینڈ پیرودھائی سے چلنے والی ڈیزل بیسڈ مسافر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ کے فریٹ ریٹس میں بھی مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایات پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اہم اجلاس کیا، جس میں کرایوں میں کمی کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق نئے کرایوں کے شیڈول متعلقہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ کرائے سے زائد وصولی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1071 پر اپنی شکایت درج کرائیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی ملک بھر میں کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں بھی فوری ریلیف فراہم کرے تاکہ معیشت اور تجارت کو مزید فروغ مل سکے۔