کمپیوٹر ریم کب سستی ہوگی؟مینوفیکچررز نے خوشخبری سنا دی
ریم کی قیمتیں 2027 کے وسط سے آخر تک مستحکم ہونا شروع ہو جائیں گی، جبکہ 2028 میں ان میں کمی آنے کا امکان ہے۔
کمپیوٹر ریم کب سستی ہوگی؟مینوفیکچررز نے خوشخبری سنا دی
کمپیوٹر استعمال کرنے والوں، گیمرز اور پی سی بنانے کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ ریم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں جلد استحکام آنے اور 2028 تک نمایاں کمی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک نئی مارکیٹ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر میموری چپس کی قلت توقع سے پہلے ختم ہو سکتی ہے، جس سے کمپیوٹر ریم خریدنا صارفین کے لیے نسبتاً سستا ہو جائے گا۔
تائیوان کی مارکیٹ ریسرچ کمپنی ٹرینڈ فورس (TrendForce) نے اپنی رپورٹ میں پیشگوئی کی ہے کہ ریم کی قیمتیں 2027 کے وسط سے آخر تک مستحکم ہونا شروع ہو جائیں گی، جبکہ 2028 میں ان میں کمی آنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق میموری چپس بنانے والی بڑی کمپنیاں قلت 2029 سے 2030 تک برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کر رہی ہیں، تاہم ٹرینڈ فورس کا اندازہ ہے کہ مارکیٹ کی صورتحال اس سے پہلے بہتر ہو سکتی ہے۔
ٹرینڈ فورس نے قیمتوں میں ممکنہ کمی کی بڑی وجہ صارفین کی جانب سے الیکٹرانکس مصنوعات کی خریداری میں کمی کو قرار دیا ہے۔ ریم اور دیگر میموری چپس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث صارفین کی طلب متاثر ہوئی ہے، جبکہ چین کی کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے بھی سرور ڈی آر اے ایم کی خریداری کم کرنا شروع کر دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میموری چپس کی قلت دور کرنے کے لیے قائم کی جانے والی نئی فیکٹریاں 2028 تک پیداوار شروع کر سکتی ہیں۔ نئی فیکٹریوں سے مارکیٹ میں چپس کی فراہمی بڑھے گی، جبکہ طلب میں کمی کی وجہ سے قیمتوں پر دباؤ کم ہونے کا امکان ہے۔
ٹرینڈ فورس کے مطابق ایک متبادل منظرنامے میں ریم کی قیمتوں میں کمی 2027 کی آخری سہ ماہی سے ہی شروع ہو سکتی ہے اور 2028 میں یہ کمی مزید نمایاں ہو سکتی ہے۔ اس کی ممکنہ وجوہات میں امریکی برآمدی پابندیوں میں سختی اور کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے سرورز کے آرڈرز میں کمی شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو اس کا فائدہ گیمرز، کمپیوٹر صارفین، پی سی بنانے والی کمپنیوں اور میموری چپس خریدنے والے دیگر صارفین کو ہوگا۔
تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود عام صارفین تک اس کے اثرات پہنچنے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔