گوگل پر ماہ ایک ارب ڈالر ایلان مسک کی کمپنی کو کیوں دیتا ہے

یہ رقم مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے لیے درکار کمپیوٹنگ صلاحیت اور کلاؤڈ سروسز حاصل کرنے کے معاہدے کے تحت ادا کی جا رہی ہے۔

November 29, 2026 · امت خاص
گوگل پر ماہ ایک ارب ڈالر ایلان مسک کی کمپنی کو کیوں دیتا ہے

گوگل پر ماہ ایک ارب ڈالر ایلان مسک کی کمپنی کو کیوں دیتا ہے

دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل ہر ماہ تقریباً 92 کروڑ ڈالر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو ادا کر رہی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ گوگل اتنی بڑی رقم کس مقصد کے لیے دے رہا ہے؟ دراصل یہ رقم مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے لیے درکار کمپیوٹنگ صلاحیت اور کلاؤڈ سروسز حاصل کرنے کے معاہدے کے تحت ادا کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گوگل اور اسپیس ایکس کے درمیان کئی سالہ معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت گوگل اکتوبر 2026 سے جون 2029 تک ہر ماہ 92 کروڑ ڈالر اسپیس ایکس کو ادا کرے گا۔

اس معاہدے میں تقریباً ایک لاکھ 10 ہزار نیوڈیا گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یوز)، سینٹرل پروسیسنگ یونٹس (سی پی یوز)، میموری اور دیگر جدید کمپیوٹنگ آلات شامل ہیں، جن کی مدد سے مصنوعی ذہانت کے بڑے نظام چلانے اور ڈیٹا پراسیسنگ کی صلاحیت حاصل کی جا سکے گی۔

مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی میں تیزی سے اضافے کے باعث گوگل سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں جدید کمپیوٹنگ وسائل اور ڈیٹا سینٹرز پر بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ اسی ضرورت کے تحت گوگل اسپیس ایکس کی کمپیوٹنگ صلاحیت استعمال کر رہا ہے۔

ایلون مسک نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ گوگل اسپیس ایکس سے مزید کمپیوٹنگ صلاحیت کرائے پر لینے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس نے مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے ساتھ بھی کمپیوٹنگ وسائل فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ اسپیس ایکس کی ریگولیٹری دستاویزات کے مطابق گوگل اور اینتھروپک کے ساتھ ان معاہدوں کی مجموعی مالیت 70 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

دوسری جانب اسپیس ایکس اپنی کمپیوٹنگ صلاحیت بڑھانے کے لیے ٹیکساس اور ایریزونا میں نئے سپر کمپیوٹر مراکز قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس پر مجموعی طور پر 74 ارب ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری متوقع ہے۔