کورونا سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔فائل فوٹو
کورونا سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔فائل فوٹو

پاکستان میں کورونا کیسزکی تعداد 93 ہزار سے بڑھ گئی

پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسزکی تعداد 93 ہزار983 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 935 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 734 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 35 ہزار308، سندھ میں 34 ہزار889، خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 459، بلوچستان میں 5 ہزار 776، گلگت بلتستان میں 897، اسلام آباد میں 4 ہزار 323 جبکہ آزاد کشمیر میں 331 کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار935 ہوگئی۔ سندھ میں 615، پنجاب میں 659، خیبر پختونخوا میں 541، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54، اسلام آباد میں 45 اورآزاد کشمیر میں 8 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ملک بھر میں اب تک 6 لاکھ 60 ہزار 508 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار185 نئے ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 32 ہزار581 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گی۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسزایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔