بیگم نسیم ولی خان انتقال کرگئیں

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔نماز جنازہ آج شام 6 بجے ولی باغ چارسدہ میں اداکی جائے گی۔

بیگم نسیم ولی خان کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اے این پی کی سابق صوبائی صدرشوگراورعارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔بیگم نسیم ولی خان اے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی بیوہ تھیں اور وہ 3 بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوچکی تھیں۔

اے این پی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بیگم نسیم ولی کی نماز جنازہ آج شام 6 بجے ولی باغ چارسدہ میں اداکی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہناتھا کہ بیگم نسیم ولی خان کی موت کی خبر سن کر بے حد افسوس ہوا، بیگم نسیم ولی خان نے سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، وہ خیبرپختونخواہ سے جنرل نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.