چیئرمین نیب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے: نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آمروں کے دور میں بھی ایسا نہیں دیکھا جو آج ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کی جانب سے جاری ہونے والا اعلامیہ چھوٹا نہیں بلکہ کافی سنجیدہ معاملہ ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس سے زیادہ اب حالات کیا خراب ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آج پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی اسی لیے بلایا ہے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ موجودہ حالات پر گزشتہ روز وزیراعظم سے بات ہوئی ہے، آج کے اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے۔