بھارتی سپریم کورٹ: سری دیوی موت کی تحقیقات درخواست مسترد

بھارتی سپریم کورٹ نے بالی ووڈ کی اداکارہ سری دیوی کی موت کی تحقیقات سے متعلق دائر کی گئی درخواست مسترد کر دی۔ بھارتی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت جسٹس دیپک مشرا نے کی۔ جسٹس دیپک مشرا نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ہم سری دیوی کی موت کی تحقیقات میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ علاوہ ازیں بھارتی فلمساز سنیل سنگھ کے وکیل وکاس سنگھ نے سری دیوی کی موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اداکارہ کے نام پر اومان میں 240 کروڑ کی انشورنس پالیسی تھی جو صرف اسی صورت میں گھر والوں کو مل سکتی تھی جب ان کی موت دبئی میں ہو۔ خیال رہے کہ سری دیوی کی فرانزک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ سری دیوی نشے کی حالت میں باتھ ٹب میں گرگئیں اور ٹب میں ڈوبنے کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔