کرنل جوزف کوامریکاجانے سےروک دیا گیا،امریکی طیارہ واپس چلاگیا

اسلام آباد: پاکستانی نوجوان کو گاڑی تلے کچلنے والےامریکی سفارتکار کرنل جوزف کوامریکا جانے سے روک دیا گیا ہے اور نور خان ایئربیس پر پہنچنے والے امریکی طیارے کو واپس بھیج دیا گیا ہے ۔انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ اقدام بعض اعلیٰ حکام کی مداخلت پر کیا گیا ہے اور کرنل جوزف کو امریکا جانے سے روکے جانے کے بعد نور خان ایئر بیس پر آنے والا امریکی سی ون تھرٹی طیارہ واپس چلا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کرنل جوزف کی امریکا روانگی کیلئے ایف آئی اے حکام نے امیگریشن کلیئرنس کے لئے وزارت خارجہ کا اجازت نامہ مانگا تھا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کرنل جوزف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں نور خان ایئر بیس منتقل کیا گیا تھا جہاں سے کرنل جوزف کو امریکی طیارے سی 130سے امریکا بھیجا جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایک امریکی طیارہ نورخان ایئربیس راولپنڈی پہنچا تھا ہے جہاں سے اس طیارے کے ذریعے کرنل جوزف کو براستہ قطر امریکا منتقل کیا جانا تھا تاہم عین موقع پر کرنل جوزف کو امریکا جانے سے روک دیا گیا ۔ اس سلسلے میں نور خان ایئر بیس کی انتظامیہ نے ایف آئی سے رابطہ بھی کیا تھا کہ کیا کرنل جوزف امریکا جاسکتا ہے ؟ ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرنل جوزف نے اسلام آبا میں گاڑی سے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ نوجوان کے باپ نے انصاف کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔