نگراں وزیراعظم کے نام کا حتمی اعلان منگل کو کریں گے۔خورشید شاہ

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات ختم ہوگئی۔ ملاقات میں نگراں وزیر اعظم کے لیے مجوزہ ناموں پرغورکیا گیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ترکی جارہے ہیں ، نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اتوار کو ملاقات رکھ لیتے ہیں جس کے بعد طے ہوا کہ منگل کو ایک اور ملاقات ہوگی جس میں نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کیا جائے گا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم سے مختلف ناموں پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور منگل کو نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیں گے۔واضح رہے کہ آئین کے تحت قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کرتے ہیں، اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جو مجوزہ ناموں میں سے کسی ایک کو نگراں وزیراعظم مقرر کردیتا ہے۔