بدعنوان عناصرکیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی،چیئرمین نیب

لاہور:چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ جمہوریت کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتے جوجمہوریت کے لبادے میں کرپشن کو فروغ دیں، نیب اب کرپشن کو فروغ نہیں دینے دے گا، یہ آخری فیصلہ ہے، بدعنوان عناصرکیخلاف زیرو ٹالرنس اوراحتساب سب کیلئے کی پالیسی پرسختی سے عمل جاری ہے۔ لاہورکی ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب حکومتی اور ریاستی ادارہ ہے، یہ باہر سے نہیں آیا، اسے اختیارات مقننہ نے دیئے ہیں، نیب کا اصول یہی ہے کہ ہر چیز قانون کے مطابق ہو، نیب کے ذہن میں کسی قسم کا کوئی تعصب نہیں، جب عوام کی خدمت نہیں ہو گی تو جمہوریت کی بقا بھی خطرے میں پڑجاتی ہے۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قوم کی دولت خرچ کرنے کا پوچھ لیا جائے تو یہ زیادتی نہیں ۔شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائری اور تحقیقات شروع کرنے اور بند کرنے کا فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پریس ریلیز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔