مہاتیر محمد نے وزراء کی تنخواہوں میں10فیصد کمی کردی

 کوالالمپور:ملائیشیا کے نو منتخب وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیر محمد نے کابینہ میں شامل وزراء کی تنخواہوں میں دس فیصد تک کمی کردی ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق نومنتخب کابینہ کے پہلے اجلاس کی سربراہی کرنے کے بعد مہاتیرمحمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک پرڈھائی سو ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ ہے جس میں کمی لانے کے لئے غیرترقیاتی اخرجات کم کریں گے۔ مہاتیرمحمد کا کہنا تھا کہ سادگی کو اپناتے ہوئے غیرضروری اخراجات میں کمی لائیں گے جس کے لئے پہلے مرحلے میں وزراء کی تنخواہوں میں دس فیصد کمی جائے گی جس کے بعد مہنگے منصوبوں میں کمی کے بارے میں بھی بہت جلد فیصلہ کرلیا جائے گا، ان میں سنگاپوراورکوالالمپور کے درمیان تیز رفتار ریل کے منصوبے کے علاوہ  چارسال قبل ملائیشیا ایئرلائنز کے لاپتہ ہونے والے طیارے ایم ایچ 370 کی تلاش کا کام کرنے والی امریکی نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ 92 سالہ ملائیشیا کے معمر ترین وزیراعظم مہاتیر محمد حال ہی میں ہونے والے انتخابات میں حکمراں جماعت کو شکست دے کر منتخب ہوئے ہیں اورانھوں نے کرپشن کے الزامات میں گھرے سابق وزیراعظم نجیب رزاق پراہل خانہ سمیت بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔