فی منٹ ساڑھے3لاکھ پاؤنڈ معاوضہ لینے والامہنگاترین اداکار

کیا آپ یقین کرینگے کہ جیمزبانڈ ڈینیئل کریگ کو فی منٹ ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈ معاوضہ ملے گا ۔ جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کے مرکزی کردار کے لئے مہینوں کی قیاس آرائیوں کے بعد ڈینیئل کریگ کا نام ظاہرکردیا گيا ہے۔یہ برطانوی اداکارڈینیئل کریگ کی بانڈ سیریز کی پانچویں اورآخری فلم ہوگی۔

برطانوی اخبار ‘مرر’ کی ایک رپورٹ کے مطابق جیمزبانڈ کواس نئی فلم کے لئے پانچ کروڑپاؤنڈ کی خطیر رقم دی جائے گی اوراس کے علاوہ ان کے پیکج میں ایگزیکٹو فلمسازکا کریڈٹ ، انڈورسمنٹ اورمنافع میں حصہ بھی شامل ہے۔

یہ فلم دو گھنٹے 20 منٹ دورانیے کی ہوگی اوراس طرح ہر منٹ کے لیے50 سالہ اداکارکو تین لاکھ 57 ہزار پاؤنڈ ملیں گے۔

اس سے قبل انھیں ان کی آخری بانڈ فلم ‘اسپیکٹر’ کے لئے تین کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ دیئے گئے تھے۔

ڈینیئل کریگ کو پانچ کروڑپاؤنڈ کی رقم ملنے سے وہ دنیا کے مہنگے ترین اداکاروں میں شامل ہو جائیں گے۔

ان کے مقابلے میں جیمزبانڈ فلموں کے اداکاروں میں جارج لیزنبائی کو ایک فلم کے لیے 72 ہزار پاؤنڈ ملے تھے جبکہ راجر مورکو ساتھ فلموں میں معروف روایتی جاسوس کا کردارادا کرنے کے لیے ایک کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ ملے تھے۔

ان کے علاوہ ٹیموتھی ڈالٹن کو دو فلموں کے لئے 40 لاکھ پاؤنڈ جکہ ڈینیئل کریگ سے قبل بانڈ کا کردار ادا کرنے والے پیئرس بروسنن کو چار فلموں میں اداکاری کے لئے ایک کروڑ30 لاکھ پاؤنڈ ملے تھے۔

اس سے پہلے اداکارڈینیل کریگ نے کہا تھا کہ وہ پھر سے بانڈ کا کردارادا کرنے کے بجائے اپنی کلائی کاٹ لینا پسند کریں گے تاہم مسلسل انکار کے بعد انھوں نے بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم میں واپسی کے لئے ہامی بھرلی۔

جیمزبانڈ کے ٹویٹ کے مطابق اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ہدایت کار ڈینی بائل ان کی نئی فلم کی ہدایت کریں گے۔ ڈینی بائل کو ‘سلم ڈاگ ملنيئر’ کے لئے بہترین ہدایت کارکا آسکر ایوارڈ مل چکا ہے۔

جیمز بانڈ کی یہ نئی فلم جان ہوج کے اصل اسکرین پلے پر مبنی ہے اور اس کی شوٹنگ رواں سال تین دسمبر سے ہونا ہے جبکہ اس کی نمائش نومبر2019 میں متوقع ہے۔

امریکی میڈیا کمپنی ایم جی ایم اور یونیورسل پکچرزاس کے بین الاقوامی ڈسٹریبوٹر ہوں گے۔ دلچسپ امریہ ہے کہ ابھی تک فلم کی ہیروئن کے نام کا اعلان نہیں کیا گيا ہے۔