بلغاریہ کی عدالت نے گائے کو سزائے موت سنادی

بلغاریہ کی عدالت میں ایک انوکھا فیصلہ سنایاگیا جہاں انسانوں کے بجائے ایک گائے کو سزائے موت سنادی گئی۔
اپنی نوعیت کا یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر زیر بحث بنا یاگیا اور لوگوں نے اسے بے وقوفانہ قرار دیتے ہوئے خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز بلغاریہ کے سرحدی علاقے میں واقع ایک گائے غلطی سے سرحد عبور کر کے غیر یورپی یونین ملک سربیا کی سرحد میں داخل ہوگئی تھی۔
سرحد کے پار سربیا کے دیہاتیوں نے گائے کو پکڑ کر دیکھ بھال شروع کردی۔ اس دوران گائے کے مالک نے سرحد پر پٹرولنگ کرنے والے اہلکاروں سے رابطہ کیا جنہوں نے گائے کو سربیا کے دیہاتیوں سے لے کر مالک کے حوالے کردیا اور یوں گائے دوبارہ بلغاریہ پہنچ گئی۔
تاہم بلغاریہ کی انتظامیہ نے گائے کی آئینی دستاویزات اور قانونی ضروریات پوری کیے بغیر سربیا کی سرحد عبور کر کے بلغاریہ میں داخلے کا سخت نوٹس لے لیا۔
قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کے جرم میں اس گائے کو سزائے موت بھی سنا دی گئی جسے دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ سربیا یورپی یونین میں شامل نہیں جبکہ بلغاریہ یورپی یونین میں شامل ملک ہے جہاں غیر یورپی یونین ممالک سے سخت اختلافات کے باعث امیگریشن کے سخت قوانین موجود ہیں۔
گائے کو اس طرح سزائے موت سنائے جانے کے بعد سوشل میڈیا میں اس فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے صارفین نے شدید نکتہ چینی کی اور دنیا بھر میں یہ ٹرینڈ بن گیا۔