پی آئی اےنے حج آپریشن کا آغاز کر دیا

کراچی: قومی ایئر لائن ( پی آئی اے)نے اسلام آباد اور کراچی سے حج آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، 300 عازمین حج کو لے کر پی آئی اے کی پہلی سرکاری فلائٹ کراچی سے روانہ ہوئی جبکہ دوسری پرواز 327 عازمین حج لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔
پرواز سے قبل عازمین کو مناسک حج اور سعودی قوانین سےمتعلق بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی ہیڈ آف مشن حبیب اللہ بخاری کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے عازمین حج کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں اور کوشش ہے کہ انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے عازمین حج کا کہنا تھا کہ قرعہ اندازی سے لے کر ایئر پورٹ تک حکومت کے انتظامات بہت اچھے ہیں،تمام معلومات بذریعہ میسج ان تک پہنچائی جارہی تھی۔
حاجی کیمپ کے حوالے سے بھی عازمین نے انتظامیہ کے روئیے کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے مدینہ منورہ میں بھی پاکستانی سفارتخانہ ان کی مکمل رہنمائی اور مدد کرے گا۔
روانگی سے قبل عازمین نے اپنی عبادات کی قبولیت کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کی ترقی اور پاکستان میں امن کے لئے اجتماعی دعا کی۔