بلوچستان میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیاگیا

 

کوئٹہ: ایف سی نے دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارود اور موصلاتی آلات بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔

نگراں وزیرداخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائیاں ڈیرہ بگٹی، سنگسیلا، ژوب، سمبازہ اور کوئٹہ میں کی گئی ہیں۔آپریشن کے دوران 14.5 ایم ایم گن بیرل، 47 راونڈز، سات کلو براؤن بارودی مواد، 5 کلو سلور بارودی مواد، ایک کلو بلیک بارودی مواد،2اینٹی مائنز، ایک آر پی جی سیون، 50 میٹر بلیک وائر، 10 کلو بارودی مواد، 12 مارٹر گولے، ایک راکٹ، 2 دستی بم،2 ایس ایم جیز، اور مواصلاتی آلات بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔

نگراں وزیر داخلہ بلوچستان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کی بدولت صوبے کو بڑے حادثے سے بچا لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مستونگ دھماکہ الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش تھا جس کی تحقیق لاہور سے آنے والی فرانزک ٹیم کررہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران آغا عمر بنگلزئی نے بتایا کہ بلوچستان کی ہر ڈویژن میں ایک سے دو حساس اضلاع اور مجموعی طور پر صوبے بھر میں 1750 حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔نگراں وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ پر امن الیکشن کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے۔