کراچی سمیت ملک کے مختلف شہر وں میں پولیو مہم شروع

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس کے دوران 5سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جارہے ہیں، کہیں 7 روزہ پولیو مہم شروع کی جارہی ہے تو کہیں 3 روزہ مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انسداد پولیو مہم ٹیم کی سیکورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں آج سے 7روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوئی ہے جس کے تحت ہفتے بھر میں 12 ہزار رضاکار 24 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔
ضلع راجن پورمیں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا،مہم میں 4لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔
خیبر سمیت دیگر قبائلی اضلاع میں 3روزہ پولیو مہم کے دوران 8لاکھ 25 ہزار 144 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔
صوابی، بنوں سمیت خیبرپختون خوا کے کئی شہروں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔
ملتان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، ضلع بھر میں پولیو مہم 8 آگست تک جاری رہے گی ، پولیو مہم کے تحت ضلع بھر میں 5 سال سے کم عمر 4 لاکھ 26 ہزار 661 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو مہم کے لیے محکمہ صحت نے 11 سو 36 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن میں سے 9 سو 6 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی ۔