ایف بی آر برطانیہ میں کن پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کریگا؟

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے برطانیہ میں غیر منقولہ جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا۔
ایف بی آر کی چیئرپرسن رخسانہ یاسمین کا کہناہے کہ یہ کارروائی ٹیکس ایمنسٹی سے فائدہ نہ اٹھانے والے پاکستانیوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں غیر منقولہ جائیدادوں کے مالک پاکستانیوں کی معلومات حاصل کرلی ہیں، یہ معلومات برطانوی ٹیکس اتھارٹی سے لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے برطانیہ میں جائیداد رکھنے والے ایسے پاکستانی شہریوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں جنہوں نے ایمنسٹی اسکیم میں ٹیکس ظاہر نہیں کیا۔
نوٹس میں پوچھا گیا ہےکہ جائیداد کب اور کس سے خریدی گئی؟ اور جس پیسے سے جائیداد خریدی گئی وہ پیسہ کہاں سے آیا؟ اس پیسے پر ٹیکس کا اطلاق تھا یا نہیں؟
ذرائع کا کہنا ہےکہ نوٹس ایسے افراد کو جاری کیے گئے جو بیرون ملک جائیداد سے کرائے کی شکل میں انکم وصول کررہے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ ایسے افراد سے باقاعدہ تحقیقات کی جائیں گی۔