کراچی میں پیپلزپارٹی کا مشاورتی اجلاس

 

کراچی:پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے بھر پور جدو جہد اور عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پارلیمنٹ میں موثر طریقے سے آواز بلند کرنے کےعزم کا اظہار کیا ہے۔

 

 

پیپلز پارٹی کا مشاورتی اجلاس جمعرات کی شام آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ صدارت میں بلاول ہاؤس میں ہوا جس میں سید خورشید احمدشاہ ، سید قائم علی شاہ ، سید مراد علی شاہ، قمر زماں کائرہ، فریال تالپور اور فرحت اللہ بابر کے علاوہ دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے جاری سرگرمیوں، سندھ میں حکومت سازی کے معاملات اور آئندہ پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی کردار کے علاوہ اپوزیشن کی دوسری جماعتوں کے ساتھ اشتراک عمل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کچھ عرصے پہلے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطوں کے لئے جوکمیٹی قائم کی تھی اس کا آج جائزہ اجلاس تھا ،جس کے دوران کمیٹی کے ارکان نے دوسری سیاسی جماعتوں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں پارٹی قیادت کو تفصیلی بریفننگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کے اندر رہ کر جمہوریت کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی اور حالیہ عام انتخابات کے دوران جو بھی دھاندلی ہوئی ہے یا بےقاعدگیاں ہوئی ہیں ان کے خلاف پارلیمنٹ میں بھی موثر طریقے سے احتجاج کیا جائے گا اور آواز بلند کی جائے گی۔