گواسکر کی عمران کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت

سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے عمران خان کے بحیثیت وزیراعظم پاکستان حلف اُٹھانے کی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔عمران خان نے گواسکر کے علاوہ کپل دیو اور نوجوت سدھو کو بھی دعوت نامہ بھجوایا تھا۔

سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکرنے بھارتی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ٹیلی فون پر عمران خان کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے تاہم اپنی مصروفیات کے باعث پاکستان جانے سے معذوری ظاہر کی ہے۔انہیں 18اگست کو بھارت اور انگلینڈ کے میچ کے دوران وہاں موجود ہونا ہے۔
گواسکر کا کہنا تھا کہ ایک کرکٹر کے طور پر عمران خان کئی بار بھارت آ چکے ہیں۔وہ بھارت کو بہت زیادہ جانتے ہیں اور توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ دونوں ملکوں میں تعلقات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب نوجوت سدھو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اور کپل دیو پاکستان آ رہے ہیں جبکہ سنیل گواسکر نے اپنی مصروفیات کے سبب عمران خان کی تقریب ِ حلف برداری میں شریک ہونے سے معذرت کی ہے۔