مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کے یوم آزادی کا جشن منایا جا رہاہے

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کے یوم آزادی کا جشن منایا جا رہا ہے ۔
مقبوضہ کشمیر میں جہاں قابض بھارتی فوج کے مظالم میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے وہیں بھارتی فوج کی موجودگی میں بھی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج رہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے کئی اضلاع میں کشمیری پاکستان کے یوم آزادی کا جشن منارہے ہیں اور اس مناسبت سے کئی مقامات پر تقریبات بھی منعقد کی گئیں ہیں۔
کشمیریوں نے پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ بھی گایا جب کہ اس موقع پر پاکستان کی بقا و سلامتی اور آزادی کشمیر کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
دوسری جانب حریت رہنما سید علی گیلانی نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے اور کشمیری رہنماؤں نے کل بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔
دھر بھارتی حکومت نے 15 اگست کو اپنے یوم آزادی سے قبل مقبوضہ کشمیر میں سخت سیکورٹی انتظامات کرتے ہوئے وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔ بھارتی فوج کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور جگہ جگہ کشمیریوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جارہی ہے اور عزت نفس کو مجروح کیا جارہا ہے۔
پلوامہ کے علاقے کاکاپورا میں بھارتی فوج نے تلاشی آپریشن کیا جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ کشمیریوں نے بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تو قابض فوج نے ان پر فائرنگ اور شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔