خورشیدشاہ،اسد قیصرنےاسپیکرقومی اسمبلی کیلئےکاغذات نامزدگی جمع کرادیے

اسلام آباد: خورشید شاہ نے اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے اسد قیصر نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 30 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں، سب کے ساتھ تعلق ہے، موجودہ حالات میں ایسے اسپیکر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے، میں نے 30 سال میں ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی ہے، امید ہے ارکان ووٹ کا فیصلہ کرتے وقت حقائق کو مد نظر رکھیں گے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم سوری نے اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیے۔
خیال رہے کہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسپیکر شپ کے لیے پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور متحدہ اپوزیشن کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔