پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان کل حلف اٹھائیں گے

پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان سے اسپیکر رانا محمد اقبال حلف لیں گے۔
نومنتخب ارکان کی مدد کے لیے اسمبلی کے احاطے میں آفیسرز تعینات ہوں گے جب کہ ارکان اسمبلی کو حلف کے بعد آئین اور اسمبلی قواعد کی کتابیں فراہم کی جائیں گی۔
حلف کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلیے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے، 15 اگست کو 3 بجے سے شام 5 بجے تک اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے اور 16 اگست کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا، دونوں انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوں گے۔
اسمبلی اجلاس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے جب کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کے لیے ہدایت نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی میں فی الحال گنجائش نہیں لہذا معزز ارکان مہمان ساتھ لانے کی زحمت نہ کریں، نو منتخب ارکان کو اپنے اسمبلی کارڈ کے لیے شناختی کارڈز کی 3 کاپیاں، 6 عدد تصاویر فوری اسمبلی سیکرٹریٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔