وزیراعظم سےوزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات،صوبائی کابینہ مختصررکھنےپراتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں کے درمیان کابینہ مختصر رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔جبکہ پنجاب کابینہ کے ناموں کو 2روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان سے مشاورت کی جس کے مطابق پنجاب کابینہ کے لئے پہلے مرحلے میں 15 وزراکو قلمدان سونپے جائیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی کابینہ مختصر رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف کے سینئرارکان کوبھی وزارتیں دی جائیں گی جبکہ پہلے مرحلے کے لئے وزراکے ممکنہ محکموں کے لئے متعددنام زیرغورہیں۔ جن میں میاں محمودالرشید کو وزیر ہاؤسنگ اور سی اینڈ ڈبلیو، علیم خان کو وزیر بلدیات، یاسمین راشدکو وزیر صحت، سبطین خان کو وزیر زراعت اور سمیع اللہ کوچیف وہب بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ ہاشم بخت کو وزیر تعلیم،حسنین دریشک کو وزیر خزانہ،اسلم اقبال کو وزیر اطلاعات، راجابشارت کو وزیر پارلیمانی امور اور جہانزیب کچھی کو لائیو اسٹاک کی وزارت سونپے جانے امکان ہے۔
اس کے علاوہ راجا یاسر کو ہائر ایجوکیشن کا وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ سینیر وزیر کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کے لیے فیاض الحسن، راشدحفیظ، سعدیہ سہیل، مرادراس، اجمل چیمہ، محسن لغاری اور ملک اختر کے نام بھی زیر غور ہیں۔