بھارتی یونیورسٹی کا سگھڑ بہو کورس کرانے کا اعلان

 

بھوپال: بھارت کی ایک یونیورسٹی میں اگلے تعلیمی سال سے 3 ماہ کا ایک نیا کورس متعارف کرایا جا رہا ہے جس میں طالبات کو خوب سیرت بہو بننے کے گُرسکھائے جائیں گے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست بھوپال کی یونیورسٹی میں غیر شادی شدہ طالبات کے خوب سیرت بہو بننے کے لیے 3 ماہ پر مشتمل تعلیمی کورس کا اعلان کیا گیا ہے ،جسے ’آدرش بہو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈی جی گپتا نے ’آدرش بہو‘ کورس کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کورس نفسیات، عمرانیات اور ویمن اسٹڈیز کا مشترکہ پائلٹ پروجیکٹ ہے، اس کورس میں 30 طالبات داخلہ لے سکتی ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر گپتا نے کہا کہ شادی کے بعد لڑکی والدین کے گھر سے سسرال منتقل ہوجاتی ہے جہاں انہیں ماحول اور رسم و رواج کی تبدیلی کے باعث مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جو بعض اوقات گھر ٹوٹنے کا باعث بھی بن جاتے ہیں۔

پروفیسر گپتا نے کہا کہ یہ کورس دم توڑتے مشترکہ خاندانی نظام کے قیام کی ایک کاوش ہے جس کے لیے طالبات کو سسرال کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیاری کرائی جائے گی۔وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ نصابی سرگرمیوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ طالبات کو گھریلو ذمہ داریاں نبھانے کے لیے مدد فراہم کرنا بھی اساتذہ کی ذمہ داری ہے اور ساتھ ہی سماجی رویوں میں سدھار لانے کے لیے اقدامات کرنا بھی اساتذہ کا فرض ہے۔