وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے

واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے۔
وزیر خارجہ ایک روز واشنگٹن میں قیام کریں گے جس کے بعد وہ نیویارک روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ امریکا روانہ ہوئی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس دوران شاہ محمود قریشی کی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
شاہ محمود قریشی 29 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور جنرل اسمبلی کے سامنے عالمی امور پر ملک کا مؤقف پیش کریں گے جب کہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم بھی دنیا کے سامنے رکھیں گے۔
اسی روز بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گی۔