وزیراعظم کا آج دورہ لاہور، پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے

لاہور: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج لاہور پہنچیں گے اور پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان لاہور پہنچتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر بلدیات سے ملاقات کریں گے جس کے بعد سہ پہر 3 بجے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
سینیئر وزیر علیم خان وزیراعظم کو 100 روزہ پلان اور مجوزہ نئے بلدیاتی نظام پر بریفنگ دیں گے۔
بعد ازاں 4 وزراء وزیراعظم کو اپنے محکموں کی ترجیحات سے بھی آگاہ کریں گے اس دوران وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر جنگلات سبطین خان اور وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اہم منصوبوں کی منظوری بھی لیں گے۔
قومی کمیشن برائے پولیس اصطلاحات کے سربراہ ناصر خان درانی بھی وزیراعظم سے آج ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان آج بیورو کریسی کے مختلف اجلاسوں سے بھی خطاب کریں گے اور اپنی سیاسی ٹیم کے ساتھ ضمنی الیکشن کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔