سپریم کورٹ نے عمران خان کی نااہلی کی درخواست خارج کردی

اسلام آباد: درخواست گزار کی جانب سے پٹیشن واپس لینے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست خارج کردی۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے عمران خان کی نااہلی کی درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار بیرسٹر دانیال تنویر عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور درخواست واپس لینے کی استدعا کی۔ سپریم کورٹ نے واپس لینے کی بنیاد پر عمران خان کی نااہلی کی درخواست خارج کردی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے 2017 میں عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، اپنی درخواست میں دانیال چوہدری نے عمران خان کو اخلاقی جرائم پر نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ عمران خان نے 2013 کے الیکشن میں اپنے کاغذات نامزدگی میں بچوں سے متعلق حقائق چھپائے، اس لیے وہ آرٹیکل 62 کے تحت اہل نہیں۔