چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیخلاف شکایات مسترد

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف شکایات مسترد کردی۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ انور خان کاسی کے خلاف مس کنڈکٹ کی 4 شکایات تھیں اور 11 اکتوبر کو اجلاس میں شکایات کا جائزہ لیا گیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے مطابق کسی بھی شکایت کے ہمراہ ضروری ریکارڈ اور شواہد فراہم نہیں کیے گئے لہذا ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر مس کنڈکٹ کا الزام ثابت نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش صدر مملکت کو ارسال کی جسے انہوں نے منظور کرلیا جس کے بعد جسٹس شوکت کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جب کہ اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف نے برطرفی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔