ملک بھر میں ضمنی الیکشن کامیدان کل سجے گا

عام انتخابات 2018 کے بعد ضمنی الیکشن کا میدان کل سجے گا،کل قومی اور صوبائی اسمبلی کے 35 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر کے 35 حلقوں کے لیے 99 لاکھ 24 ہزار 700 بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، جنہیں تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے، جو انہیں پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کریں گے۔
ضمنی انتخابات کے لیے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جن میں سے ایک ہزار 727 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی ذمہ داری فوج سنبھالے گی اور فوجی اہلکار 15 اکتوبر تک سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
حالیہ ضمنی الیکشن میں پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر 35 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 24 حلقے شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کے لیے اسلام آباد سے 1، پنجاب سے 8، سندھ سے 1 اور خیبر پختونخوا سے 1 نشست پر انتخاب ہوگا۔
اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کے لیے پنجاب کے 11، سندھ کے 2، خیبر پختونخوا کے 9 اور بلوچستان کے 2 حلقوں میں بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔