خواجہ برادران نے حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے حفاظتی ضمانت کےلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
سعد رفیق اور سلمان رفیق نے اپنے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے لاہور ہائیوکرٹ میں درخواست دائر کی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے جو ریکارڈ مانگا، انہوں نے وہ فراہم کر دیا اور وہ مکمل تعاون کر رہے ہیں لیکن خدشہ ہے کہ نیب کی جانب سے انہیں غیرقانونی طور پر گرفتار کر لیا جائے گا۔
خواجہ برادران نے درخواست میں استدعا کی کہ نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روکا جائے اور لاہور ہائی کورٹ ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرے، سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ 15 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ پیرا گون ہائوسنگ سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر وزارت داخلہ نے گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے نام بلیک لسٹ میں ڈال دیئے تھے۔